بنگلورو۔28/جنوری(ایس او نیوز) بی جے پی کے قومی صدر امیت شا کی مداخلت کے بعد کل شام دہلی میں سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا اور ریاستی کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا کے درمیان مصالحت ہوگئی۔ ایشورپا کی مانگ کے مطابق یڈیورپا نے ریاستی بی جے پی عہدیداروں کی فہرست پر نظر ثانی کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مصالحت کے ساتھ ہی اب بی جے پی میں اختلافات کو مستقل طور پر نمٹا لیا جائے گا۔ کل رات دہلی کے اکبر روڈ پر واقع امیت شا کی رہائش گاہ پر منعقدہ مصالحتی میٹنگ میں امیت شا نے یڈیورپا کو ہدایت دی کہ ممکن ہوسکے تو ریاستی بی جے پی عہدیداروں کی فہرست میں تبدیلی کی جائے۔ ایشورپا نے میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ یڈیورپا نے اپنی من مانی سے پارٹی کے وفاداروں کو نظر انداز کردیا ہے اور دوسری پارٹیوں سے بی جے پی میں آنے والوں کو فوقیت دی ہے، یہ معاملہ کافی سنجیدگی سے لیتے ہوئے امیت شا نے یڈیورپا کو فوراً نظر ثانی کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ وفاداروں کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہ کیا جائے۔ امیت شا کی ہدایت کے بعد یڈیورپا نے اپنی طرف سے مرتب کردہ پارٹی عہدیداروں کی فہرست میں معمولی تبدیلی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شیموگہ، ٹمکور، چامراج نگر، داونگیرے، بیدر، گلبرگہ اور بلگاوی میں ایشورپا کے حامیوں کو پارٹی کی ضلعی صدارت دی جائے گی۔